شملہ/نینی تال،7جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کشمیر میں بھاری برفباری سے آج جہاں وادی میں معمولات زندگی متاثر ہوئی وہیں اس ہماچل پردیش بھی متاثر رہا جبکہ اتراکھنڈ کے سیاحتی شہر نینی تال میں دو سال بعد پہلی برف گری ہے۔ہماچل پردیش کے شملہ اور کننور علاقے میں موسم کی پہلی بھاری برفباری ہوئی جس سے ٹریفک، ٹیلی کمیونیکیشن رابطے اور بجلی اور پانی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔وہیں بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے ہیں۔شملہ سے 13کلومیٹر دور شوگی سے آگے ٹریفک تھم گئی جہاں آج دوپہر تک 40سینٹی میٹر برفباری ہوئی تھی،اہم سیاحتی مقام کفری، فاگو اور نرکڈا میں 45سے 55سینٹی میٹر برف گری۔کللومنالی روڈ پر ٹریفک سڑک پر پھسل ہونے کی وجہ سے روک دی گئی اور ریاست ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی 30بسیں مختلف مقامات پر پھنسی رہیں۔پورے شمالی ہندوستان میں سردی بڑھ گئی ہے اور شملہ میں پارا گر کر 0.2ڈگری سیلسیس ہو گیا۔برفباری اوربارش سے علاقے میں خشک سالی کی صورت حال ختم ہو گئی اور ان پہاڑی ریاستوں میں سیب کاشتکاروں سمیت کسانوں کے چہرے کھل گئے کیونکہ نمی موسم ربیع فصلوں کے لئے اچھاسمجھاجاتا ہے۔